9 فروری 2015 - 08:50
اردن کا دعوی، دہشت گردوں کی 20 فیصد طاقت تباہ

اردن کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دنوں میں اس نے شمالی شام میں تكفيري دہشت گروہ داعش کے ٹھکانوں پر56 ہوائی حملے کئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اردن فضائیہ کے سربراہ منصور الجبور کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا ہدف حاصل کر لیا ہے اور اپنے پائلٹ معاذ الكساسبہ کے قاتلوں کو سزا دی ہے۔

الجبور نے کہا کہ ہم نے شمالی شام میں دہشت گرد گروہ کے گڑھ رقہ کو نشانہ بنایا اور اس کے لاجسٹک مراکز، ہتھیار ڈپو اور ان کے جنگجوؤں کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں بننے والے عرب اور مغربی ممالک کے اتحاد کے مجموعی حملوں میں سے 20 فیصد حملہ اردن کی فضائیہ نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردن نے دہشت گروہوں کی 20 فیصد طاقت کو تباہ کر دیا ہے۔

اردن کی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اس گروپ کا وجود مٹا کرہی دم لیں گے۔
واضح رہے کہ منگل کی شام داعش نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں اردن کے یرغمال بنائے گئے 26 سالہ پائلٹ کو زندہ جلاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اردن ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے شام کے بحران کے آغاز سے ہی دہشت گردوں کی کھل کر حمایت کی ہے اور سرحد پر بنے ٹریننگ کیمپ اس کے منہ بولتا ثبوت ہیں۔

.......

/169